لاہور میں زیر تعمیر 22 سمارٹ پولیس سٹیشنز تکمیل کی جانب گامزن

لاہور ( سٹاف رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ لاہور کے گنجان آباد علاقوں میں زیر تعمیر 22 سمارٹ پولیس سٹیشنز تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں،سمارٹ پولیس سٹیشنز کی تعمیر کے ذریعے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کی بچت ہورہی ہے۔  سرکاری اراضی پر 10 سمارٹ پولیس سٹیشنز کی تعمیر سے قومی خزانے کو سالانہ 2 کروڑ 8 لاکھ روپے سے زائد کی بچت ہوگی، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ لاہور پولیس کے کرایوں کی بلڈنگز میں قائم 10 پولیس سٹیشنز قبل ازیں کروڑوں روپے کرایوں کی مد میں ادا کر رہے تھے، پولیس اسٹیشن ساندہ، ملت پارک، گجر پورہ، کوٹ لکھپت، اسلام پورہ،پولیس سٹیشن شالامار، سمن آباد، شفیق آباد، شاد باغ اور جوہر ٹائون کرایوں کی بلڈنگز میں تھے اور لاکھوں روپے ماہانہ اور کروڑوں روپے سالانہ کرایوں کی مد میں ادا کر رہے تھے، لاہور پولیس کے تمام سمارٹ پولیس سٹیشنز بھی سرکاری اراضی پر ماضی کی نسبت کم لاگت میں تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تمام سمارٹ پولیس سٹیشنز سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز پروٹوکول، ایس او پیز پر فنکشنل ہونگے، پنجاب پولیس کے مجموعی طور پر 99 پولیس سٹیشنز مختلف اضلاع میں زیرتعمیر ہیں، لاہور سمیت صوبہ بھر میں 39 سمارٹ پولیس سٹیشنز بھی تیزی کے ساتھ تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔ ملتان میں 3، فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یارخان، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں 2 جبکہ اٹک، گجرات، ساہیوال اور شیخوپورہ میں 1 سمارٹ پولیس سٹیشن تعمیر کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن