لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ نبی کریم ؐ نے جہاں دنیاکو جہالت سے پاک کیا، وہاں انسانی ظاہر کو بھی پاک کیا۔ سیرت طیبہ کے ذریعے حفظان صحت کے اصولوں کی ترویج ممکن ہے۔ مساجد و منبر کی آواز سے معاشرے کو سدھارا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے جامع مسجد دربار حضرت داتا گنج بخش میں محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام ڈینگی سیمینار سے خطاب کرتے کیا۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری بھی ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا وزیر اعلی مریم نواز شریف راولپنڈی میں ڈینگی سے 5 اموات پر نہایت دکھی ہیں، شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ڈیڑھ دو ماہ نہایت اہم ہیں، ڈینگی سے ہر وقت احتیاط کی ضرورت ہے۔ شہری عہد کریں کہ وہ اپنے گھروں میں پانی جمع نہیں ہونے دینگے۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا محکمہ اوقاف کی ذمہ داری ہے مساجد میں خطبات کے ذریعے لوگوں کو ڈینگی ودیگر امراض سے آگہی دیں۔آخر میں نمازیوں اور زائرین میں ڈینگی آگہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔
سیرت طیبہ کے ذریعے حفظان صحت کے اصولوں کی ترویج ممکن:خواجہ عمران نذیر
Sep 21, 2024