گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد، ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے ممبران صوبائی اسمبلی عمران خالد بٹ اور قیصر اقبال سندھو کے ہمراہ سائلین کے مسائل کی سماعت کی انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران تک عوام کی رسائی کو مزید آسان بنانے کے لیے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد کے ساتھ ساتھ تمام افسران کے لیے صبح 10 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک اوپن ڈور پالیسی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں جس پر ضلع کی تمام تحصیلوں میں عمل درآمد کا اغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دفاتر کے دروازے سائلین کے لیے کھلے ہیں اور تمام سائلین جمعہ کے روز کھلی کچہری کے علاوہ 10 سے ساڑھے 11 بجے تک اوپن ڈور پالیسی کے تحت دفاتر میں جا کر اپنے مسائل کے ازالہ کے لیے تشریف لا سکتے ہیں۔ 2 اگست 2024 سے شروع ہونے والی کھلی کچہریوں کے انعقاد سے لے کر اب تک ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کو موصول ہونے والی شکایات میں سے زیادہ تر کو حل کردیا گیا ہے۔