مقبوضہ کشمیر: نام نہاد انتخابات بھونڈا مذاق، استصواب رائے کا ہرگز متبادل نہیں: حریت کانفرنس

Sep 21, 2024

سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرائے جانے والے نام نہاد اسمبلی انتخابات کی مذمت کرتے انہیں ایک بھونڈا مذاق قرار دیا ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ڈھونگ انتخابات اقوام متحدہ کیطرف سے تسلیم شدہ استصواب رائے کا ہرگز متبادل نہیں جسکے ذریعے جموں وکشمیر کے سیاسی مستقبل کا تعین ہونا ہے۔نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک بیان کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ، کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے اور اب نام نہاد انتخابات کا ڈھونگ رچا کر عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے۔جبکہ  جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس اپنی کامیابیوں کے حوالے سے عوام کو بتانے کیلئے کچھ نہیں لہٰذاانہوںنے کچھ لوگوں کو خاندانی سیاست کا طعنہ دنیا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔دوسری جانب دارالخیر میرواعظ منزل نے سرینگر کے علاقے چوٹہ بازار میں آتشزدگی کے واقعے میں رہائشی مکانات کے جل کر خاکستر ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دارالخیر میر واعظ منزل سرینگر نے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی طرف سے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی گرکوٹ گاں کے لوگوں کو پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔گرکوٹ کے رہائشیوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انہیں گزشتہ کئی ہفتوں سے پینے کا پانی میسر نہیں ہے جسکی وجہ سے وہ سخت پریشان ہیں جبکہ انتظامیہ مسئلہ کے حل کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ۔

مزیدخبریں