کراچی (کامرس رپورٹر) بلوم برگ کی رپورٹ میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کو سال 2024 میں دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار دیئے جانے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں دوسرے روز جمعہ کو بھی زبردست تیزی کا رجحان رہا اور مارکیٹ82ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گئی۔ کے ایس ای 100انڈیکس 600پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 57ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 107کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 43.04فیصد حصص کی قیمتیں بھی برھ گئیں۔ سیمنٹ، کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر اور ریفائنری سمیت منتخب شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ ایم ای بی ایل، یو بی ایل، اینگرو، ایف ایف سی سمیت انڈیکس ہیوی سٹاک میں مثبت رجحان رہا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ مثبت تبدیلیاں اس لیے سامنے آئی ہیں کیونکہ سرمایہ کار آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کی توقع کر رہے ہیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کے ایس ای 100انڈیکس میں 615.16پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 81459.29پوائنٹس سے بڑھ کر82074.45پوائنٹس ہو گیا۔ اسی طرح 234.45پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 25799.86پوائنٹس سے بڑھ کر26034.31پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 52009.79پوائنٹس سے بڑھ کر52288.85پوائنٹس پر جا پہنچا۔انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر278.05روپے پر مستحکم رہی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی کسی تبدیلی کے بغیر ڈالر کی قدر280.70روپے پر برقرار رہی۔ صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں تیزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور گزشتہ روز فی تولہ سونا ملکی تاریخ کی انتہائی بلند ترین سطح 2 لاکھ 72 ہزار روپے تک پہنچ گیا۔عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 35ڈالر کے اضافے سے 2,650 ڈالر فی اونس کا ہوگیاجبکہ مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا3500 روپے کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 2 لاکھ 72 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پرجاپہنچا۔اسی طرح دس گرام سونا بھی3001 روپے اضافے کے نمایاں اضافے کے بعد 2 لاکھ 33 ہزار196 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ چاندی کی فی تولہ قیمت 2 ہزار 950 روپے پربرقرار رہی۔