وزیرستان: سرحد پار کرنے کی کوشش کرنیوالے 7 افغانوں سمیت 12 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید

راولپنڈی+پشاور +اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر+ بیورو رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ) شمالی اور جنوبی وزیرستان میں 19 اور 20 ستمبر کو سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپوں کے دوران 12 خوارج ہلاک کر دیئے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 19 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں پاکستان افغانستان سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے 7 دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حمل کا سکیورٹی فورسز کو علم ہوا جس پر دہشت گردوں کو گھیر لیا گیا۔ سکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 7 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ دوسری جھڑپ، جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں پیش آئی جس میں خوارج کے ایک گروہ نے سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا جو کہ ناکام بنا دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے 5 خوارج کو ہلاک کر دیا تاہم، شدید فائرنگ کے دوران ملک کے 6 بہادر سپوتوں نے جرات و بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔ علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں جھڑپوں میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے 6 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش  کیا اور شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے  والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہداء ہمارے لئے باعث افتخار اور ہمارے سروں کے تاج ہیں، شہداء کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے۔ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا سر کچلنے کے لیے قوم کے پختہ عزم کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ قوم دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے نڈر جوانوں کی جرات و بہادری کی بدولت متعدد دہشتگرد جہنم واصل ہوئے۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں محمد شہباز شریف نے کہا کہ خوارج کا ارض پاک سے مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی و جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے فورسز کے ساتھ ہے۔ اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ پوری قوم دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے ۔ صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت بھی کیا اور شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ بلاول بھٹو زرداری  اور دیگر رہنماؤں نے سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 11  دہشتگردوں کی ہلاکت پر اظہار اطمینان  کیا ہے۔ بیان میں فورسز کی تعریف  کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے  آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے 6 بہادر اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس  کیا۔  شہید ہونے والے جوانوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیں گے۔

ای پیپر دی نیشن