ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری، ستمبر میں آئی ایم ایف سے خوشخبری ملے گی: وزیر خزانہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اگلے سال جنوری تک مقامی ضروریات سے وافر فالتو چینی میں سے مزید ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ملکی معیشت کی تازہ ترین صورت حال، معاشی استحکام اور معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 26 ماہ کی بلند ترین سطح پر کھڑے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام میں ترسیلات زر کی مضبوطی اور تسلسل کا کردار نمایاں ہے۔ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اب 300 ملین ڈالر ماہانہ کی سطح پر مستحکم ہو گئی ہیں جو ہمارے برآمدی شعبے کے لیے اچھی خبر ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں مسلسل اور مستحکم اضافہ خوش آئند ہے، پچھلے ماہ اس مد میں 165 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ افراط زر میں سنگل ڈیجٹ کی حد تک نمایاں کمی ہوئی ہے اور انشاء اللہ ستمبر میں اس میں مزید کمی واقع ہونے کی امید ہے۔ کرنٹ اکائونٹ خسارہ کی صورت حال قابو میں ہے، اگست کے مہینے میں کرنٹ اکائونٹ کا 75 ملین ڈالر سرپلس رہنا ہمارے بیرونی شعبے میں بڑھتے ہوئے استحکام کا آئینہ دار ہے۔ امید ہے تیل کی قیمتوں میں کمی، ڈالر کی قدر میں استحکام اور شرح سود میں کمی جو کہ پہلے ہی 450  بی پی ایس تک واقع ہو چکی ہے، کی بدولت کرنٹ اکائونٹ کی صورت حال آگے بھی اچھی رہے گی۔ حکومت کی جانب سے بدھ کے روز ٹریژری بلز کی تمام بولیاں مسترد کیے جانے کا مطلب یہ پیغام دینا ہے کہ حکومت قرض کے حصول کے لیے بے چین نہیں ہے۔ حکومت آنے والے دنوں میں قرض کے حصول کے لیے اپنی شرائط کو ملحوظ خاطر رکھے گی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہمارے بنکنگ سیکٹر کو نجی شعبے کو قرضے فراہم کرنے کی طرف متوجہ ہونا چاہیے۔ اجلاس میں تاجکستان کو 40 ہزار میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی کی جانب سے ملک میں اگلے سال جنوری تک مقامی ضروریات سے وافر فالتو چینی میں سے مزید ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی۔

ای پیپر دی نیشن