لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نواز شریف نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پر مسلسل 7 گھنٹے طویل اجلاس کر کے اپنی طرز کا منفرد ریکارڈ بنا لیا۔ وزیراعلی نے 77 اقدامات، 70 منصوبے،7 پروگرامز پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بریفنگ میں بتایا کہ پی ڈی ڈبلیو پی کے 28 اجلاس ہوئے۔ عوام کی بھلائی کی 287 سکیموں پر غور کیا گیا۔ وزیراعلی کے 206 خصوصی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ صوبے میں زراعت، موسمیات، آئی ٹی، سماجی بہبود سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے لئے پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ترقیاتی سکیموں کے لئے 278 ارب روپے مختص کئے گئے، 83 ارب روپے جاری کئے جاچکے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی، ڈرون اور جی آئی ایس میپنگ کے ذریعے مانیٹرنگ کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں منصوبوں کے موجودہ سٹیٹس اور ان کی تکمیل کی تاریخوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے کہاکہ عوام کی بھلائی کے منصوبوں کی شفافیت، عملدرآمد کی رفتار اور معیار پر سمجھوتہ نہیں کروں گی۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے ضلعی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی پورا کرنے کا ٹارگٹ مقرر کردیا۔ محکمہ صحت سے کارڈیالوجی، نیورو، پیڈز اور دیگر ضروری سپیشلسٹ کی ٹریننگ کا پلان طلب کرلیا۔ مریضوں کی ضروریات کے مطابق ڈاکٹرز کی سپیشلائزیشن پر فوکس کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ ضلعی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کے لئے خصوصی پیکیج کی تجویز پر اتفاق کیاگیا۔دور دراز ہسپتالو ں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی ضرورت پوری کرنے پر زور دیاگیا۔اضلاع میں امراض قلب میں مبتلا مریضوں کے لئے فوری درکار طبی آلات کی فراہمی کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ مختلف اضلاع میں 5مراحل میں کیتھ لیب فراہم کرنے کا جائزہ لیا۔ لاہور کے پی آئی سی، گنگارام، میوہسپتال، خواجہ صفدر میموریل ہسپتال سیالکوٹ اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ وزیر آباد میں مشینیں فراہم کی جائیں گی۔ ساہیوال، فیصل آباد اور ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی‘ بہاولپور اور راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور ملتان نشتر ہسپتال‘ گوجرانوالہ ہسپتال اور نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کیتھ لیب قائم ہوں گی۔ وزیراعلی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں کیتھ لیبز کی فراہمی کے پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ مریم نواز نے یونیورسل ہیلتھ پروگرام میں بہتری لانے کے لئے تجاویز طلب کرلیں۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے مکسڈ مارشل آرٹ سٹار شاہ زیب رند کو سنگاپور میں کراٹے کمبیٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں برازیل کے برونو روبرٹو ڈی ایسی کو شکست دینے پر مبارکباد دی ہے اور شاہ زیب رند کی انٹرنیشنل ایونٹ میں جیت پر قوم کو فخر ہے۔