چینی گروپ کا پاکستان میں ٹیکسٹائل پارکس قائم کرنے کا اعلان: تعلقات مضبوط ہو رہے، شہباز شریف: نوازشریف سے ملاقات، مشاورت

ا سلام آباد( اپنے سٹا ف رپو رٹر ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، چین اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات ہرگزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔  انہوں نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین چیو یافوکی قیادت میں روئیی گروپ کے9 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا  جنہوں جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔  ملاقات میں پاکستان اور روئیی گروپ کے درمیان معاملات آگے بڑھانے کے حوالے سے اسلام آباد اور بیجنگ میں ورکنگ گروپس قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ چین کا روئیی گروپ پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ چین اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم  نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ روئیی گروپ اقتصادی راہداری کے تحت ساہیوال کول پاور پلانٹ کا اولین سرمایہ کار تھا۔ روئیی گروپ کے چیئرمین چیویافو نے کہاکہ ہم سرمایہ کار کی حیثیت سے نہیں بلکہ پاکستان کے دوست کی حیثیت سے پاکستان آئے ہیں ۔ چیئرمین روئیی گروپ نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ بھی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں شہباز سپیڈ جیسی رفتار دیکھنے کو ملے گی ۔  بریفنگ میں بتایا گیا کہ روئیی گروپ صوبہ سندھ اور صوبہ پنجاب میں بین الاقوامی معیار کے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا جس میں چین کی 100 کے قریب بڑی ٹیکسٹائل صنعتوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی ۔ ٹیکسٹائل پارکس میں شمسی توانائی کا استعمال ہو گا ۔ ان پارکس سے پہلے مرحلے میں 2 ارب  امریکی ڈالر جبکہ دوسرے مرحلے میں 5 ارب امریکی ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں ۔ ان ٹیکسٹائل پارکس سے 3 لاکھ سے 5 لاکھ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ٹیکسٹائل پارکس کا سنگ بنیاد اس سال کے آخر میں رکھا جائے گا اور یہ تین سال کی مدت کے اندر مکمل ہوں گے ۔ روئیی گروپ کراچی اور لاہور میں ایک ایک ہول سیل کموڈٹی مر کز بھی قائم کرے گا۔  علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے  ایف بی آر کے انفورسمنٹ نظام کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی شعبہ کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، فعال اور خوشحال نجی شعبہ ملکی معیشت کے لئے انتہائی ضروری ہے۔وزیراعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ٹیکس وصولی کے انتظام کے حوالے سے ایف بی آر کے ہوم گرون ٹرانفارمیشن پلان کی اصولی منظوری دیدی گئی۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا  ایف بی آر کا انفورسمنٹ نظام بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے ٹیکس دہندگان کو ایف بی آر ٹرانفارمیشن پلان پر مشاورت  کے لئے مدعو کیا جائے اور ان سے تجاویز لی جائیں۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کے تمام منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی تاکید اور سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔پورا ٹیکس دینے والے لوگوں کو مزید آسانیاں دی جائیں گی ۔ وقت پر پورا ٹیکس ادا نہ کرنے والے اور فراڈ میں ملوث  افراد کے خلاف سخت اقدامات اور لین دین پر پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں جس سے معاشرے میں ٹیکس چوری کے رحجان کو روکا جا سکے گا۔ ایف بی آر کے ہوم گرون ٹرانفارمیشن پلان کی اصولی منظوری دے دی۔32 فیصد ٹیکس ریونیو دینے والے لارج ٹیکس پیئرز یونٹ ،کراچی میں اچھی کارکردگی اور دیانت دار افسران کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا ۔  عمدہ کارکردگی دکھانے والے افسران اور عملے کو  اعزازیئے بھی دئیے جائیں گیاپریزر اور انسپکٹر کو پہلے سے اپنی اسائنمنٹ کا معلوم نہیں ہوگا۔ کیمروں سے نگرانی بھی کی جائے گی ۔ کسٹمز  انسپکٹرز کو اچھی کارکردگی پر پذیرائی اور تاخیری حربے اور بدعنوانی پر سخت سزا دی جائے گی ۔ سمگلنگ کو روکنے کے لئے ایف ڈبلیو او کی معاونت سے نئی چیک پوسٹوں بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن