قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کا وجود ختم، ارکان کو سنی اتحاد کا حصہ بنا دیا گیا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپیکر کے الیکشن کمیشن کو خط کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے نئی پارٹی پوزیشن جاری کر دی جس میں تحریک انصاف کا وجود ختم کر دیا گیا۔ تمام 80 اراکین کو سنی اتحاد کونسل کا رکن ظاہر کر دیا گیا۔ اس سے پہلے 39 اراکین تحریک انصاف اور 41 کو آزاد ڈکلیئر کیا گیا تھا۔ (ن) لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سے واپس لی جانے والی نشستوں کا بھی پارٹی پوزیشن میں ذکر کیا گیا ہے۔ سپیکر کے خط کے فوری بعد نئی پارٹی پوزیشن جاری کی گئی ہے جس کے مطابق قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی 110 اور پیپلزپارٹی کی 69 نشستیں ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے 22، (ق) لیگ کے 5 اور آئی پی پی کے 4 اراکین ہیں۔ مسلم لیگ ضیا، بی اے پی اور نیشنل پارٹی کا ایک ایک رکن ہے۔ سنی اتحاد کونسل 80، جے یو آئی (ف) 8 اور آزاد اراکین کی تعداد بھی 8 ہے۔ پی کے میپ، بی این پی مینگل اور ایم ڈبلیو ایم کی ایک ایک نشست ہے۔ ایک آزاد رکن قومی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر رکھی ہے۔ الیکشن ایکٹ پر عمل درآمد کی صورت میں 23 مخصوص نشستیں (ن) لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کو ملیں گی۔ مسلم لیگ (ن) کو 15، پیپلز پارٹی کو 5 اور جے یو آئی کو تین مخصوص نشستیں ملیں گی۔

ای پیپر دی نیشن