لاہور (خصوصی نامہ نگار) چئیرمین سید علی حیدر گیلانی کی زیر صدارت پبلک اکائونٹس کمیٹی II کا اجلاس پنجاب اسمبلی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن اوریوتھ افیئرز و سپورٹس کے آڈٹ پیراز زیرِ غور آئے۔ ڈائریکٹر جنرل آڈٹ پنجاب ندیم امجد نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ 20 بلین روپے کے آڈٹ پیرا زیر التوا ہیں۔ چئیرمین سید علی حیدر گیلانی نے تمام اداروں کا بلا تفریق آڈٹ کرنے کا حکم دیا۔ کمیٹی نے پنجاب کے تمام اضلاع میں جم کی بہترین سہولیات کو یقینی بنانے کی سفارش کی۔ چیئرمین نے پبلک اکاونٹس کمیٹی کی میٹنگ میں پیش ہونے سے پہلے تمام محکمہ جات کو آڈٹ اور فنانس کے ساتھ زیر التوا معاملات کو حل کرنے کی بھی سختی سے ہدایت کی تا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کا وقت ضائع نہ ہو۔ چئیر مین نے سابقہ ڈائریکٹوز پر عمل درآمد میں سستی پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری سے وضاحت طلب کر لی۔ چیئرمین سید علی حیدر گیلانی نے تمام محکموں کے سیکرٹری صاحبان ہدایت جاری کی کہ وہ کمیٹی کے آئندہ اجلاسوں میں اپنی شمولیت کو یقینی بنائیں۔ راجن پور میں جم کے سامان کی گمشدگی پر کمیٹی نے سیکرٹری کو انکوائری کا حکم بھی دیا۔