سندھ اسمبلی، ملازمین کے لئے پنشن ،گریجویٹی کا نیا ترمیمی قانون منظور 

Sep 21, 2024

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی نے جمعہ کو اپنے اجلاس میں سندھ کے سرکاری ملازمین کے لئے پنشن ،گریجویٹی کا نیا ترمیمی مسودہ قانون منظور کرلیا۔ترمیمی مسودہ کے تحت سندھ سول سرونٹس ایکٹ کے سیکشن13اور20میں ترامیم تجویز کی گئی تھیں جو منظور کرلی گئیں۔نئے قانون کے مطابق یکم جولائی 2024سے بھرتی ہونیوالے سرکاری ملازمین کو نئے قانون کے تحت پنشن گریجویٹی ملے گی۔ہر سرکاری ملازم 20سال کی سروس پر ریٹائرمنٹ،پنشن فوائد لے سکے گا ۔قواعد کی خلاف ورزی پر سرکاری ملازم کو ریٹائر کیاجاسکے گا، نئے ترمیمی قانون کے اطلاق کے بعد سے سرکاری ملازمین کنٹری بیوٹری پنشن فوائد لیں گے، یکم جولائی 2024سے قبل بھرتی ملازمین مروجہ قواعد کے تحت پنشن کے حقدار ہونگے ۔انتقال کی صورت میں ملازم کی فیملی کو پنشن نئے قانون کے تحت ملے گی ۔نئے قانون سے حکومت کے مالی اخراجات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ترمیمی قانون کی ایوان میں منظوری کے لئے پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ سندھ حکومت ہرسال اربوں روپے پنشن کی مد میں ادا کرتی ہے ۔2015سے لیکر2019کے دوران سندھ حکومت کے کرنٹ اکاونٹ اخراجات میں18فیصد اضافہ ہواہے جبکہ ملازمین سے متعلق اخراجات 15فیصد تک بڑھے ہیں۔گزشتہ برسوں میں پنشن اخراجات میں30فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ سندھ سول سرونٹس ترمیمی قانون کے نفاذ سے کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم لاگو ہوگی۔ حکومت و ملازمین اپنا شیئر ہر ماہ پنشن فنڈ میں جمع کرائیں گے۔دریں اثنا ایوان نے اپنی کارروائی کے دوران سندھ انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل میڈیسن ترمیمی مسودہ قانون کی بھی متفقہ طورپر منظوری دیدی جس کے تحت انسٹی ٹیوٹ کا انتظامی کنٹرول محکمہ صحت سے لیکر محکمہ خصوصی افراد کے محکمے کو دیدیاگیاہے۔

مزیدخبریں