ننکانہ صاحب+شکرگڑھ (نامہ نگار) سکھ مذہب کے بانی باباگورو نانک کی 485 ویں برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کی گوردوراہ جنم استھان ننکانہ صاحب آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ متھا ٹیکی سمیت دیگر مذہبی رسومات کی ادئیگی کے لیے 209 برطانوی سکھ یاتری گورودوارہ جنم استھان پہنچے۔ پنجاب ریڈیو برطانیہ کے 53سکھ یاتریوں کا وفد سردار رگبیر سنگھ کی قیادت میں گوردوارہ جنم استھان پہنچا۔ قبل ازیں 156برطانوی سکھ یاتریوں کا وفد بھی ننکانہ صاحب آیا۔ سکھ یاتریوں نے اپنے روحانی پیشوا بابا گورو نانک کی جائے پیدائش گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ گوردوارہ جنم استھان پہنچنے پر گرنتھی سردار دیا سنگھ، گورودواہ جنم استھان کے مینجر عمران نبی سمیت مقامی سکھ رہنمائوں نے سکھ یاتریوں کا شاندار استقبال کیا۔ سکھ یاتریوں نے بابا گورو نانک کی جائے پیدائش پر متھا ٹیکی سمیت دیگر مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سکھ یاتریوں نے کہا کہ پاکستان پر امن اور اقلیت دوست ملک ہے۔ بہترین مہمان نوازی پر پاکستانی حکومت اور عوام کے مشکور ہیں۔ واپس جا کر ساری دنیا کو پاکستان کا اصل چہرہ دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان پرامن اور محبت کرنے والوں کا ملک ہے۔ ہر ایک کو بلاخوف وخطر یہاں ضرور آنا چاہئے۔ سکھ یاتری گورودوارہ دربار صاحب کرتار پور (نارووال) میں بابا گورو نانک کی 485 ویں برسی کی تین روزہ تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آرہے ہیں۔ یہ تقریبات22 ستمبر تک جاری رہیں گی۔ 10 ہزار سے زائد یاتری کرتارپور میں قیام اور برسی کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ دربار صاحب کرتار پور میں برسی کی تقریبات کا آغاز صبح کی عبادات ارنبھتا اکھنڈ پاٹ صاحب سے ہوا۔ سہہ پہر نشان صاحب کی سیوا کی تقریب ہوئی۔ برسی کی مرکزی تقریب نگر کا جلوس آج دربار صاحب کرتار پور سے لے کر زیرو لائن بارڈر ٹرمینل تک نکالا جائے گا۔ برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارتی یاتریوں کی کثیر تعداد بھی راہداری کے ذریعے کرتار پور پہنچ رہے ہیں۔ بیرون اور اندرون ملک سے آئے یاتری تین روز کرتار پور میں ہی قیام کریں گے۔
بابا گورو نانک کی برسی کی سہ روزہ تقریبات شروع، سکھ یاتریوں نے رسومات ادا کیں
Sep 21, 2024