لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر کے دو برادر ملکوں کے درمیان براہ راست پروازوں اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی برآمدات میں معاونت کے کردار کو سراہا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی تعاون پر مبنی ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان میں لہراتے پاکستانی پرچم آذربائیجان کے عوام کی پاکستان سے محبت کی عکاسی کرتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔ جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مشکل وقت میں آذربائیجان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔ سفیر آذربائیجان نے کہا کہ پاکستان کے درمیان انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دریں اثنا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں آئی ٹی ایکسپرٹس نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں آگے بڑھنے کے بہت مواقع موجود ہیں۔ تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں علامہ یوسف اعوان، احسن رضوی ،ایڈون سہوترا، آئی ٹی ایکسپرٹس عمائمہ افتخار، عثمان رضا جولاہا، میاں عثمان رفعت، مدثر نعیم، محمد حاذق، میران ناصر اور دیگر موجود تھے۔