فارم 47 سے مسلط حکمران چاہتے ہیں پسند کی عدلیہ ہو: حافظ نعیم

ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پوری قوم پر فارم 47 کی مسلط کی گئی جعلی حکومت ہر چیز میں ناکام ہو چکی ہے اور اب یہ چاہتے ہیں کہ پسند کی عدلیہ ہو۔ آئینی ترمیمی بل کا مسودہ ممبر ان اسمبلی سے خفیہ رکھ کر پارلیمنٹ سے منظور کروانا چاہتے تھے اور جمہوریت پسند لوگوں نے آئینی ترمیم کے نام پر فراڈ کو مسترد کردیا ہے۔ اب ترمیم رک گئی ہے ۔ مولانا فضل الرحمن سے توقع ہے کہ وہ جم کر کھڑے رہیں گے۔ ان سے اپیل ہے کہ تمام ترامیم کو مسترد کریں۔ راولپنڈی میں دھرنا کے موقع پر کئے گئے معاہدے پر حکومت نے وعدے پورے نہ کئے تو جماعت اسلامی سڑکوں پر نکلنے، 3روزہ پہیہ جام ہڑتال اور بجلی بل ادا نہ کرنے کے آپشن پر غور کرے گی۔ وہ یہاں صدر چوک کے قریب چرچ روڈ پر تاریخی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر جاوید احمد قصوری،  طیب محمود بلوچ، رانا زاہد فاروق، ڈاکٹر انوارالحق شیخ،  ڈاکٹر عبدالقدیر لاشاری، چوہدری اکرام الحق ایڈووکیٹ اور جماعت کی مختلف ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں وکارکنان کے علاوہ ہزاروں مردو خواتین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ حکومت جعلی فارم 47کی پیداوار قوم پر مسلط کی گئی ہے۔ مجھے پتہ چلا ساہیوال میں بھی ن لیگ ایک سیٹ بھی نہیں جیتی، سارے مسلط کئے گئے۔ شہر کراچی میں ایم کیو ایم ہمیشہ سودا کرتی رہی۔ پیپلزپارٹی کے ساتھ لوٹ کر کھاتے رہے۔

ای پیپر دی نیشن