لاہور (خصوصی نامہ نگار)بادشاہی مسجد لاہور میں جمعۃ المبارک کے عظیم الشان اجتماع سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محسن انسانیت، مقصود کائنات امام الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ انسانیت کیلئے سراپا رحمت بن کر تشریف لائے، آپ کے آنے سے معاشرے میں جو خواتین کو عزت و احترام و مقام دیا گیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ ملت اسلامیہ نے ماہ ربیع الاول میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیﷺ کے ساتھ عشق و محبت و عقیدت کا اظہار کر کے ثابت کر دیا رسول اللہﷺ پوری امت کیلئے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کے بعد مرکز و محور ہیں، محسن انسانیت رحمت للعالمین ہیں، تمام انسانیت کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔ آپ کی دنیا میں تشریف آوری پوری انسانیت کیلئے باعث رحمت ہے۔ حضرت محمد مصطفیﷺ کی تعلیمات اور اسوۃ حسنہ ہماری زندگیوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے دنیا و آخرت کی بھلائی، کامیابی اپنے دین اسلام اور محسن انسانیت حضرت محمد مصطفیﷺ کی تعلیمات کو اپنانے میں رکھی ہے۔ مسلمان اپنی کامیابی کیلئے قرآن پاک سے تعلق کو مضبوط بنائیں۔ پاکستان کی حفاظت کیلئے ہم سب ایک ہیں۔ علماء کرام ومشائخ عظام منبر ومحراب کے ذریعے احترام انسانیت، تشدد سے پاک معاشرہ اور پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے اپنا عظیم کردار ادا کریں۔ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے پوری قوم افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے تمام اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔