اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ملک میں ایک ہفتے کے معمولی اضافے کے بعد ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں پھر سے کمی ہونا شروع ہوگئی ہے۔ حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.52 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح کم ہوکر12.72 فیصد کی سطع پر آگئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق روزمرہ استعمال کی17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 15ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران پیاز، ٹماٹر، چینی، آلو، کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ دال مونگ، مسور، ماش، ایل پی جی، سگریٹس بھی مہنگے ہوئے۔ اعدادوشمار کے مطابق سالانہ بنیاد پر پیاز 74 فیصد، دال چنا 57 فیصد، خشک دودھ 256 فیصد، بیف 25 فیصد، ٹماٹر 18 فیصد اور دال مونگ 16 فیصد تک مہنگی ہوئیں جبکہ گیس چارجز بھی 570 فیصد تک بڑھ گئے۔ اسی طرح گزشتہ سال کی نسبت گندم کا آٹا 38 فیصد تک سستا ہوا۔ سرخ مرچ اور چاول 10 فیصد، پٹرول 25 فیصد، ڈیزل 24 فیصد سستا ہوا ہے۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.42 فیصد کمی کے ساتھ9.14فیصد، اور 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.45فیصدکمی کے ساتھ 13.14فیصد رہی۔
مہنگائی میں معمولی کمی، پٹرول، ڈیزل، آٹا سستا، ایل پی جی مہنگی ہوئی: ادارہ شماریات
Sep 21, 2024