لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل یکم اکتوبر تا 10 اکتوبر عشرہ یکجہتی فلسطین منائے گی۔ یکم اکتوبر کو اسلام آباد میں، 3 اکتوبر کو فیصل آباد میں، 5 اکتوبر کو ملتان میں، 7 اکتوبر کو لاہور میں یکجہتی فلسطین کانفرنسیں ہوں گی۔ جبکہ 4 اکتوبر کے خطبات جمعہ کا عنوان یکجہتی فلسطین ہو گا۔ جس میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا اور اسرائیل کی بربریت اور وحشت کی مذمت کی جائے گی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ملک بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کی فلسطین پر بربریت کا 7 اکتوبر کو ایک سال مکمل ہونے کے حوالے سے بھرپور انداز میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں، اسرائیل کی بربریت کی مذمت کریں اور اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔