مری ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف نہ مل سکا 

 مری(نمائندہ خصوصی)حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضع کمی کے باوجود مری میں عوام کوتاحال کوئی ریلیف نہیں مل سکا، مری راولپنڈی مین روٹ سمیت مری کے تمام لنک روٹس پرپبلک ٹرانسپورٹرزمسافروں سے دگناکرایہ وصول کررہے ہیں، متعددبارپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مری کے کسی روٹ پرپبلک ٹرانسپورٹ کی جانب سے کرایہ میں کوئی کمی نہیں کی گئی جبکہ ضلعی انتظامیہ صرف خانہ پری کیلئے چندتصا ویربناکرسوشل میڈیا پر شیئرکردیتی ہے، پنجاب حکو مت کی کرایوں میں کمی کے واضع احکامات اورمری میں سیکرٹری آرٹی اے کی تعیناتی کے باوجودسیکرٹری آرٹی اے نہ ہی فیلڈمیں نظرآتے ہیں اورنہ ہی انکی طرف سے کرایوں میں کمی کرکے کرایے نامے آویزاں کئے گئے ہیں صرف دفاترمیں بیٹھ کر خانہ پری کی جارہی ہے، عوام نے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ کرایہ نامہ کو مکمل طورپر مسترد کردیا ہے، مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اس وقت پنجاب بھر میں سب سے زیادہ کرایہ مری کے روٹس پروصول کیا جارہا ہے،چارمرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، گزشتہ سال پٹرول 331 روپے فی لیٹر تھاتوجوکرایہ لیاجارہاتھاآج جب پٹرول 249 روپے 10 پیسے فی لیٹر ہے تو تب بھی وہی کرایہ وصول کیاجارہاہے 

ای پیپر دی نیشن