راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے انسداد ڈینگی مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عمر، ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے، ڈائریکٹر ہیلتھ و دیگر آلا ئیڈ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2826 ایف آئی آرز اور 2226 چالان کئے گئے ہیں جبکہ 808 عمارتیں سر بمہر جبکہ 01 کروڑ 44 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا یے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بخار یا ڈینگی کی دیگر علامات پر فورا ہسپتال رجوع کریں دیر سے تشخیص سے کیس اتنا ہی کریٹیکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ڈینگی کے خلاف جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس سے غیر حاضری اور انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں غیر تسلی بخش کارکردگی پر پنجاب فوڈ اتھارٹی اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹریز کو ان کے خلاف ایکشن لینے کی درخواست کی گئی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ سنگجانی کے مقام پر خراب پمپ کو فوری بحال کیاجائے تاکہ پیرودھائی و اطراف کے لوگ پانی کو سٹور نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے تمام ہائوسنگ سوسائٹیز کو ہدایت کریں کہ وہ خاص بور پر زیر تعمیر عمارت اور جھاڑیوں پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ مین چوکوں میں ٹریفک پولیس اپنا آگاہی ڈیسک قائم کریں جو لوگوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی رسک یونین کونسلز میں مزید ہیومن ریسورس لگانے کی ضرورت ہے۔کمشنر راولپنڈی عبدالعامر خٹک انجینئر اور ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے اور محکمہ صحت کے فیلڈ سٹاف نے ڈینگی لاروا ختم کرنے کے لیے کاروائیاں کیں۔ ترجمان آرڈی اے کے مطابق یوسی چک جلال دین میں زیر تعمیر عمارتوں کے خلاف انسداد ڈینگی کے حوالے سے گرینڈ آپریشن کیا گیا اور ڈینگی لاروا کو ختم کیا گیاآپریشن سے پہلے ڈینگی فوکل پرسن آرڈی اے اور محکمہ صحت کے فیلڈ سٹاف کے ذریعے مشترکہ معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا ڈینگی لاروا متعدد زیر تعمیر عمارتوں میں پایا گیا۔ آپریشن کرتے ہوء ے آر ڈی اے نے متعلقہ ضوابط کے مطابق 108 ڈھانچوں کو سر بمہر کیا ہے۔