بی جے پی پولیس کو ’محافظ‘ سے ’حیوان‘ بنا رہی ہے، پرینکا گاندھی

Sep 21, 2024 | 15:34

ویب ڈیسک

بھارت کی ریاست اڈیشہ میں پولیس کی جانب سے ایک فوجی افسر اور اس کی منگیتر کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ سرخیوں میں ہے، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مذکورہ معاملے پر بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ اڈیشہ میں پیش آنے والا واقعہ شرمناک تھا۔ ”اڈیشہ میں پولیس سے مدد طلب کرنے کے لئے جانے والے فوجی افسر کی منگیتر کے ساتھ پولیس نے جس طرح بربریت اور جنسی تشدد کیا، اس سے پورا ملک حیران ہے۔“

کانگریس جنرل سکریٹری کی جانب سے یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے ایودھیا کے ایک واقعہ کا بھی تذکرہ کیا۔


انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ”ایودھیا میں متاثرہ دلت لڑکی کے ساتھ پولیس نے ناانصافی والا برتاؤ کیا اور انصاف دلانے کی جگہ اس پر ہی دباؤ ڈالا، کیونکہ خبروں کے مطابق ملزم کا تعلق بی جے پی سے تھا۔“

کانگریس جنرل سیکریٹری نے پولیس کے ذریعہ ناانصافی سے متعلق اس طرح کے معاملوں پر بی جے پی حکومتوں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں حکمران جماعت بی جے پی کی حکومتیں پولیس کو محافظ سے حیوان بنا دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔


انہوں نے مزید لکھا کہ بی جے پی حکومتوں میں خواتین پر مبنی جرائم کے تئیں پولیس کا مجرمانہ رویہ دراصل برسر اقتدار طبقہ کا تحفظ حاصل کرکے پروان چڑھتا ہے۔

مزیدخبریں