آئین کو ضیاءاور مشرف کے گند سے پاک کردیا‘ حکومت کے خلاف محاذ کھولنے والے ناکام ہوں گے : زرداری

Apr 22, 2010

سفیر یاؤ جنگ
بہاولپور (نامہ نگار+مانیٹرنگ نیوز + ایجنسیاں) صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے‘ حکومت عوام کے دئیے گئے مینڈیٹ پر پانچ سال پورے کرے گی‘ 18ویں ترمیم سے آئین کو ضیاءالحق اور پرویز مشرف کے گند سے پاک کر دیا ہے‘ صدارتی اختیارات وزیراعظم کو سونپ کر جمہوریت کو مستحکم کر دیا‘ حکومت کے خلاف محاذ کھولنے والے ناکام ہو گئے‘ ملک کو جلد مہنگائی اور بجلی کے بحرانوں سے نکال لیں گے‘ عدلیہ‘ میڈیا مکمل آزاد ہیں‘ اداروں پر پابندیاں لگانے کا ارادہ نہیں‘ بی بی شہید کے قاتلوں کو جلد عوامی عدالت میں لائیں گے۔ وہ گذشتہ روز بہاولپور میں اشرف شوگر ملز میں صنعتی کارکنوں سے خطاب‘ پارٹی رہنماوں اور وفود سے گفتگو کے دوران کےا۔ آصف زرداری نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ پاکستان میں بےروزگاری ہے‘ پانی نہیں‘ بجلی بھی نہیں ہے‘ آمروں نے آئین کو ناپاک کیا لیکن ہم نے اسے پاک کر دیا ہے‘ جس طرح میں نے ذوالفقار بھٹو اور بی بی شہید کی امانت سنبھالی ہے اسی طرح نظام بدلنے کا وعدہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو اور بی بی کے تمام خواب پورے کئے جائیں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سیاستدانوں کو علم ہی نہیں کہ دنیا کیسے ہلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام کے مسائل کا احساس ہے اسی لئے لاہور کے بعد بہاولپور کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دلوں پر حکومت کرتے ہیں‘ محلوں پر راج نہیں کرتے اور غریب عوام ہمارے دل میں بستی ہے‘ انہوں نے کہا کہ پانی بنیادی ضرورت ہے اور دنیا کی ہر قوم اس کے لئے منصوبہ بندی کر رہی ہے اس لئے ہم بھی اس کی بہتری کے لئے کام کریں گے چاہے وہ کام زبردستی ہی کیوں نہ کیا جائے۔ صدر زرداری نے کہا کہ بہاولپور میں نوکریوں‘ پانی‘ صنعتوں اور زراعت جیسے مسائل سے آگاہ ہوں۔ ہم وہ تمام کام مکمل کریں گے جو ماضی میں ادھورے رہ گئے۔ انہوں نے زرعی ترقیاتی بنک کے صدر کو ہدایت کی کہ کاشتکار کو 20 برس کی مدت کے آسان قرضے دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کو پانی کی قلت کا سامنا ہے اور ہم بھی اس حوالے سے متفکر ہیں۔ اس لئے ڈرپ اریگیشن اور سپرنکلر نظام کو متعارف کرایا جائے گا اور اس کے نفاذ کیلئے کوئی کسر اٹھا رکھی نہیں جائے گی تاکہ دستیاب پانی کو بہتر انداز میں استعمال کر کے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ آصف زرداری نے کہا کہ سیاسی اداکار عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں ملکی تاریخی معاملات پر عبور بھی ہے اور ان کے پاس تمام مسائل کا حل بھی موجود ہے، میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ انتخابات میں حصہ لیں اور اگر جیت جائیں تو اپنے انداز میں تمام مسئلے حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے سے روکنے کیلئے ہر حربہ آزمایا گیا اور یہاں تک کہ بینظیر بھٹو کو شہید کر دیا گیا لیکن عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت آتی ہے اس کے خلاف بڑے محاذ متحرک ہو جاتے ہیں۔ عوام دشمنوں نے ان دو سالوں میں بڑے محاذ کھولے لیکن وہ ہمیں عوام سے دور نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آئین ترامیم کے بل پر دستخط کے بعد جنوبی پنجاب کے شہر بہاولپور سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا ہے تاکہ میں جان سکوں کہ یہاں کے مسائل کیا ہیں تاکہ انہیں حل کر سکوں۔ آج کل بعض لوگ ٹی وی پر آکر خود کو سیاسی اتھارٹی سمجھتے ہیں ایسے لوگوں کو مشورہ دیتا ہوں وہ آکر انتخابات لڑیں‘ گذشتہ دو سالوں میں پیپلز پارٹی کے خلاف بڑے محاذ کھولے گئے عوام کی طاقت سے ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور محاذ کھولنے والے ناکام ہو گئے‘ دشمن سن لیں گڑھی خدابخش آج بھی حکمرانی کر رہا ہے اور محترمہ ملک کی سیاست چلا رہی ہیںاور غریبوں کی خدمت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم ہمارا 80 فیصد منشور ہے ہم جیلوں میں ہوتے ہیں تو جیلوں میں بھی ہماری حکومت ہوتی ہے۔ صدر زرداری نے اپنی تقریر کے آخر میں جئے بھٹو اور پاکستان پائندہ باد کا نعرہ لگایا۔ وفود سے گفتگو میں صدر نے کہا کہ وہ مزید صوبے بنانے کے حق میں ہیں۔ بہالپور کے سوکھے دریا ستلج کو پانی دلانے کے لئے بھارت سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میرا وطن ہے اور مجھے اپنے وطن سے بے حد محبت ہے‘ اپنی جان اس ملک کی امانت سمجھتا ہوں۔ صدر زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے اقتدار کو ناکام بنانے کے لئے ہمیشہ کچھ قوتیں متحرک ہو جاتی ہیں‘ سیاسی اداکار عوام کو گمراہ کر رہے ہیں‘ نظام بدل کر بی بی کی شہادت کا بدلہ لیں گے۔ دریں اثناءوکلا کے وفد سے گفتگو میں صدر نے کہا کہ بھارت سے پانی کے سلسلے میں مذاکرات جاری ہیں‘ کوئی ہمارا حق نہیں چھین سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کو آسانی سے پانی نہیں لینے دیں گے۔ پانی کی سٹوریج کے لئے مزید ڈیم بھی بنا رہے ہیں۔
مزیدخبریں