نیویارک (آن لائن) بےنظیر قتل کیس کی تحقیقات کرنے والے اقوام متحدہ کمشن کے سربراہ ہیرالڈو مونیز نے کہا ہے کہ کیس کے حوالے سے سابق صدر پرویز مشرف سے بھی تحقیقات کی گئی تھیں تاہم ان کا انٹرویو خفیہ رکھنے کی شرط پر کیا گیا تھا جبکہ جنرل (ر) حمید گل نے انٹرویو دینے سے انکار کر دیا تھا حالانکہ بےنظیر نے اپنے خط میں جن 3 افراد کو نامزد کیا تھا‘ ان میں حمید گل بھی شامل ہیں۔ گذشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں اقوام متحدہ کے 3 رکنی تحقیقاتی کمشن کے سربراہ نے انکشاف کیا کہ دھماکہ کے وقت بےنظیر کی بلیک مرسیڈیز موجود نہیں تھی حالانکہ اسے بےنظیر کی گاڑی کے پیچھے ہونا چاہئے تھا۔ اس بلیک مرسیڈیز کی عدم موجودگی ناقابل معافی غیر ذمہ داری ہے۔