ملتان(سپورٹس ڈیسک) شعیب اختر کی عمدہ باولنگ کی بدولت فیڈرل ایریاز لیپرڈز نے آر بی ایس ون ڈے پینٹینگولر کپ کے میچ میں خیبر پختونخواہ پینتھرز کو 77 رنز سے شکست دے دی۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی پر کھیلے گئے میچ میں فیڈرل ایریاز لیپرڈز نے مقررہ 50 اووروں میں 8 وکٹوں پر 305 رنز کا بڑا مجموعہ تشکیل دیا۔ جواب میں پینتھرز کا کوئی بھی بلے باز 50 یا اس سے زائد سکور کرنے میں ناکام رہا۔ اور پوری ٹیم 48.3 اووروں میں 228 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ لیپرڈز کے شعیب اختر نے 9.3 اووروں میں 52 رنز دے کر 6 شہزاد اعظم 2 عمر امین اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پینتھرز کی جانب سے احمد سید 46‘ زوہیب خان 47‘ کپتان یاسر حمید 29‘ عدنان رئیس 25 اور واجد علی نے 26 رنز بنائے۔ شعیب اختر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔