راولپنڈی (اے پی پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پنجاب‘ خیبر پی کے میں الیکشن کے نتائج بہت مختلف ہونگے‘ سندھ اور بلوچستان میں الگ طریقے سے الیکشن ہوتے دیکھ رہا ہوں‘ 11مئی کے انتخابات کے بعد مخلوط پارلیمنٹ وجود میں آئے گی‘نواز شریف نے عدلیہ بحالی کے علاوہ عوامی مسائل پر کون سی ریلی نکالی ہے۔ وہ گذشتہ روز انتخابی جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف پی پی 12کے امیدوار اعجاز خان جازی‘ پی پی 11کے امیدوار راجہ راشد حفیظ‘ پی پی14کے امیدوار اصغر وڑائچ‘ اے پی ایم ایل کے شیخ راشد شفیق‘ سٹی صدر چوہدری ظفر‘ جنرل سیکرٹری آصف شہزاد مغل‘ عابد مغل‘ چوہدری اظہر کے علاوہ عوامی مسلم لیگ اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شیخ رشید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے انتخابات اس وقت مشکل دور سے گذر رہے ہیں‘ اسوقت تک 22جانیں چلی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 11مئی کو راولپنڈی کے اس حلقے سے عوامی مسلم لیگ اور پاکستان تحریک انصاف کی فتح ہوگی۔این این آئی کے مطابق عوامی مسلم لیگ اور جمعیت علماءپاکستان (جے یو پی) کے مابین راولپنڈی کے دو حلقوں این اے 55اور 54میں انتخابی اتحاد ہوگیا ہے‘ این اے 55میں جے یو پی اور ہم خیال مذہبی جماعتیں مکمل حمایت کریں گی ‘حلقہ این اے 54میں شیخ رشید احمد جے یو پی کی مکمل حمایت کریں گے۔ اس بات کا اتفاق جمعیت علماءپاکستان کے سینئر نائب صدر صاحبزادہ اویس نورانی اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا۔ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ ہماری ملاقات میں یہ طے پا یا کہ حلقہ این اے 55میں جے یو پی قلم دوات کی مکمل حمایت کرے گی اور اپنے کارکنان کو الیکشن مہم میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایات دیں۔ صاحبزادہ اویس نورانی نے کہا کہ شیخ رشید احمد ان مشکل حالات میں امید کی کرن ہیں ‘شیخ رشید احمد نے ہمیشہ حق کا علم بلند کیا جس وجہ سے آج جے یو پی ان کی حمایت کر رہی ہے ۔