کوئٹہ ( اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ اقتدار و حکومتی منصب ہمارے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے، ملک و جمہوری اداروں کا استحکام، بلوچستان کے حقوق کا تحفظ اور اجتماعی عوامی مفادات ہمارے لئے مقدم ہیں۔ ”اے پی پی “ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا عراق، لیبیا،مصراور افغانستان کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں جہاں خون خرابے کے بعد بالآخر سیاسی پارلیمانی نظام کے ذریعے ہی حل تلاش کئے گئے اورجو لوگ کسی نہ کسی حوالے سے خون بہاتے ہیں یہ ممکن نہیں کہ وہ جنیوا کنونشن سمیت دیگرعالمی قوانین کے تحت عالمی عدالتوں کے سامنے کھڑے نہ ہوں لہذا بہتر ہے کہ بلوچستان کو خون خرابے کی طرف نہ لے جایا جائے بلکہ اپنے ایجنڈے پر لوگوں کو قائل کرکے پرامن جدوجہد کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ اور پاکستان مزید خوان خرابے کا متحمل نہیں ہوسکتا ہم پرامن سیاسی جدوجہد اور گڈ گورننس کے تحت جملہ مسائل کے دیرپا حل کیلئے پرعزم ہیں۔ لشکری رئیسانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں رہتے ہوئے عین اقتدار میں حکومتی کمزوریوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی کی۔
بلوچستان کو خون خرابے کی طرف لیجانے کی بجائے پرامن جدوجہد کی جائے: لشکری رئیسانی
Apr 22, 2013