پشاور (نوائے وقت نیوز) پشاور میں سرکاری محکموں کے ملازمین نے اپ گریڈیشن کیلئے سوری پل کے قریب دھرنا دیا۔ دھرنے کے باعث خیبر روڈ اور جیل روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔ پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ مظاہرین نے جی ٹی روڈ اور جیل روڈ بند کر دیا۔ مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی تو پولیس نے ہوائی فائرنگ سے مظاہرین کو منتشر کیا۔وزیر اطلاعات پرویز رشید نے خیبر پی کے میں پرامن مظاہرین پر تشدد کی مذمت کی ہے۔ ملازمین پر تشدد عمران خان کے انصاف کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ملازمین صوبائی اسمبلی کے سامنے پرامن احتجاج کر رہے تھے۔