بتایا جائے چینی امداد کس مد میں ہے، اقتصادی راہداری لاہور، ملتان سے گزارنے پر فساد ہوگا: عمران

Apr 22, 2015

اسلام آباد (آن لائن+ صباح نیوز) عمران نے کہا ہے کہ چین کے صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں‘ ملک کی ترقی کے لئے چائنہ پاکستان کی مدد کر رہا ہے لیکن ہمیں یہ بھی بتایا جائے کہ یہ مدد کس مد میں کی جا رہی ہے۔ اقتصادی راہداری کا منصوبہ کے پی کے اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں سے لنک کریں اگر لاہور اور ملتان سے اقتصادی راہداری کو گزارا گیا تو فساد پیدا ہو گا۔ این اے 246 میں مقابلہ سخت ہو گا‘ ہمارے پاس نجم سیٹھی کی ویڈیو ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ عام انتخابات میں تمام احکامات رائے ونڈ سے آتے رہے جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے پر خیبر پی کے کو شدید تحفظات ہیں، راستہ تبدیل کیا گیا تو بھرپور احتجاج کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر خصوصی گفتگو میں کیا۔ عمران نے مزید کہا کہ چائنہ ہمارا مضبوط اور اچھا دوست ہے۔ اقتصادی راہداری کے حوالے سے جو منصوبے بنائے جا رہے ہیں ان کا راستہ بلوچستان، کے پی کے کے پسماندہ علاقوں سے گزارے جائیں تاکہ وہاں ترقی ہو سکے۔ نجم سیٹھی ویڈیو میں کہہ رہے ہیں میرے اختیار میں کچھ نہیں تمام احکامات رائے ونڈ سے آ رہے تھے جس کا مطلب یہی ہے کہ نواز شریف نے پری پول رگنگ کی۔ کراچی کی سیاست بدل رہی ہے۔ نائن زیرو ایم کیو ایم کا گڑھ ہے تحریک انصاف پہلی بار وہاں پر الیکشن لڑ رہی ہے یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے اندر ایم کیو ایم کی سیاست کو ختم کر رہے ہیں۔ یہ بات بھی واضح ہو رہی ہے کہ کراچی کے اندر بھی دھاندلی کی گئی اسی وجہ سے ایم کیو ایم 23 اپریل کے الیکشن سے خوفزدہ ہے۔ ضمنی الیکشن میں ہم مفاہمت نہیں کر سکتے کیونکہ تحریک انصاف کے کارکن بڑی امیدیں لگا کر بیٹھے ہیں۔ 23 اپریل کو کراچی کی عوام نے وہ فیصلہ کرنا ہے جو ملکی تاریخ میں نہیں ہوا۔ جوڈیشل کمشن بننے کی وجہ سے آنے والے الیکشن شفاف ہونگے۔ اگر جوڈیشل کمشن میں حکومت کے خلاف فیصلہ آیا تو وزیراعظم کو اسمبلیاں توڑنی ہونگی۔ پرویز خٹک نے یہ بھی کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے پر خیبر پی کے حکومت کو اعتماد میں نہ لینے کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ کے اجلاس میں اٹھائیں گے۔

مزیدخبریں