لاہور(نیوزرپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ایک ماہ کے دوران سات کارکن محکمانہ ڈیوٹی کے دوران حادثہ کا شکار ہوکر شہید ہوگئے جبکہ گزشتہ محمدعارف لائن مین خانقاہ ڈوگراں سب ڈویژن لیسکو اور عنایت علی کرین آپریٹر 11 کے وی لائن سے ٹکرانے پرفوت ہوگئے۔ آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خورشیداحمد جنرل سیکرٹری، رانا عبدالشکور، ساجد کاظمی، مقصود احمد،مظفر متین، رانا اکرم،حاجی یونس،چوہدری اکرم نے کہا کہ لیسکو انتظامیہ حادثات کی روک تھام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کرے انہوں نے کہا کہ لیسکو انتظامیہ نے اگر ایسے حادثات سے بچائو کے لئے ضروری اور فوری اقدامات نہ کیئے تو یونین انسانی جانوں اور تجربہ کار لائن سٹاف کومحفوظ رکھنے کے لئے محکمانہ کام روکنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ آخر میں مرحومین کے لواحقین کو یقین دلایا کہ یونین ادارہ محکمہ بجلی میں ان کے کسی بچے/بچی بیوہ کو ملازمت دلانے کے لئے پوری کوشش کرے گی-