لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ صوبے کے وسائل میں اضافہ اولین ترجیح ہے، کاروباری شخصیات اپنے اپنے شعبوں میں ان تمام مصنوعات کی نشاندہی کریں جن کی ایکسپورٹ سے زر مبادلہ کما یا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹریٹ میں ڈائریکٹر جنرل ورلڈ ٹریڈ آر گنائزیشن کے دورہ پاکستان سے قبل تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر اور چیئرمین ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن جمیل ناز ، ڈپٹی سیکرٹری منسٹری آف کامرس عدنان لودھی ، ڈائریکٹر پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ خرم افضل ملک ، ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن بلال احمد بٹ ، چیف انڈسٹریز اسلم جاوید ، چیف اکانومسٹ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹرامان اللہ، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت حسین سردار اور صدر باسمتی گروئرز ایسوسی ایشن چوہدری حامد ملہی نے شرکت کی ۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پنجاب میں ڈبلیو ٹی او کی شرکت سے جاری منصوبوں پر نظر ثانی ، نقائص کی نشاندہی اور اصلاحات پر مشاورت کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں وزارت صنعت وتجارت اور بورڈ آف انوسٹمنٹ سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو نمائندگی دی گئی ہے۔