پاکستان اور سعودی عرب کے علاقائی، عالمی امور پر مفادات مشترکہ ہیں:صدر وزیراعظم

Apr 22, 2017

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ میری حکومت عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے ، گزشتہ سال حج انتظامات اطمینان بخش رہے ۔ جمعہ کو یہاں سعودی عرب کے لئے نامزد سفیر وائس ایڈمرل (ر) خان ہشام کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے حج کے دوران پاکستانی حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ آئندہ حج کے لئے انتظامات کی ذاتی نگرانی کریں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہیںدونوں ممالک علاقائی اورعالمی سطح پر باہمی مفاد کے تمام ایشوز پر یکساں مو¿قف رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ۔ پاکستان کی عوام سعودی عرب کے ساتھ جذباتی وابستگی رکھتے ہیں جو الحرمین الشرےفین کامحافظ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی برادری کی بہبود بالخصوص ان کے لئے قونصلر سروسز کی رسائی پر توجہ دی جائے ۔ انہوںنے سفیر سے کہا کہ وہ پاکستانی برادری کے ساتھ باقاعدہ رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے بروقت حل میں مدد دیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بڑی تعداد میں پاکستانی کارکن سعودی عرب میں روزگار کما رہے ہیں جنہیں ہر طرح سہولت ملنی چاہیے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے نامزد سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے پاکستان تمام علاقائی اور عالمی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، اس سلسلے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی تعاون ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک تمام عالمی اور علاقائی معاملات میں یکساں موقف رکھتے ہیں اور عالمی فورموں پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں جو دونوں برادر ملکوں کے درمیان انتہائی قریبی اور برادرانہ تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری پر متوجہ کریں اور باہمی تجارت میں مزید اضافے کے لیے کام کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کو ترجیحات میں رکھاجائے اور پاکستانیوں کے ساتھ قریبی روابط استوار کر کے ان کے مسائل کے حل کے لیے کام کیا جائے۔ انھوں نے مدینہ منورہ میں مقیم پاکستانی بچوں کی تعلیم کے معاملے میں خصوصی دلچسپی لینے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں