بالٹی، مٹکے کے نشانات پر فاتح امیدوار حکومت سازی میں کردار ادا کریں گے: شیخ رشید

Apr 22, 2018

رحیم یار خان(احسان الحق سے)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں بالٹی اور مٹکے کے نشانات پر جیتنے والے امیدوار حکومت سازی میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے جبکہ چوہدری نثار علی خان کا ان انتخابات میںآزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لینے کے روشن امکانات ہیں تاہم پی ٹی آئی انکی حمایت کر سکتی ہے۔گزشتہ روز روز اپنے دورہ رحیم یارخان کے بعداسلام آباد روانگی سے قبل ”نوائے وقت“ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں آئندہ چند روز کے دوران مزید کئی نامی گرامی سیاستدان شمولیت اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا نواز شریف نیب میں جاری اپنے مقدمات کو خواہ مخواہ طوالت دے رہے ہیں اور خدشہ ہے کہ خواجہ حارث انکے لئے کہیں ”یحییٰ بختیار“ ہی ثابت نہ ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ لیبیا کے سابق صدر کرنل قذافی نے انہیں کافی سال قبل ایک ملاقات میں بتایا تھا کہ بلوچستان میں غیر ملکی قوتوں کی غیر معمولی مداخلت کے باعث2025ءکے لگ بھگ بلوچستان کی جغرافیائی حیثیت تبدیل ہو سکتی ہے تاہم انہیں یقین ہے کہ پاکستانی افواج اور ایجنسیز کی بہترین حکمت عملی کے باعث ایسا کبھی بھی نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے باعث بھارت اور امریکہ پاکستان دشمنی میں ایک پیج پر اکٹھے ہو چکے ہیں اور امریکہ کے دباﺅ پر جاپان بھارت میں دہلی سے ممبئی تک 6رویہ جدید موٹر وے تعمیر کر رہا ہے جبکہ ایران کی جانب سے بھارت کو چاہ بہار تک رسائی بھی سی پیک کی وجہ سے دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان نے گوادر میں چین کو 43ہزار ایکڑ زمین 44سالہ لیز پر دی ہے جو پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی نے اپنے اندرونی حالات کے باعث پاکستان سے تین f-16ٹرینر پائلٹ ترکی بھیجنے کی درخواست کی تھی لیکن پاکستان نے امریکی دباﺅ پر یہ ٹرینر ترکی بھیجنے سے انکار کر دیا ہے جس سے پاک ترک تعلقات میں سرد مہری دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر بحران جبکہ سیاسی طور پر کنفیوژن کا شکار ہے اگر ڈالر کی اڑان اسی طرح جاری رہی تو پاکستان تاریخی معاشی بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان پر کبھی بھی حملے کی جرات نہیں کرے گا لیکن پاکستان کو بھارت کی جانب سے پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان کے اندرجاری تخریبی کارروائیوں پر خاص نظر رکھنی ہو گی کیونکہ بھارت بلوچستان میں ایک خطرناک کھیل کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے جس کا کلبھوشن سب سے بڑا ثبوت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ عوامی مسلم لیگ آئندہ عام انتخابات میںپی ٹی آئی کے ساتھ مل کر انتخابات میں حصہ لے گی اور وہ خود راولپنڈی سے قومی اسمبلی کی دو نشستوں سے انتخاب لڑیں گے۔راولپنڈی سے آن لائن کے مطابق شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف جانتے ہیں الیکشن میں تاخیر ان کے حق میں ٹھیک نہیں ہو گا۔ اکتوبر نومبر میں الیکشن ہوتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔ بلاول بھٹو کو جنوبی پنجاب میں کوئی رسپانس نہیں ملا۔ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ میرے خلاف آیا تو چیخوں گا چلا¶ں گا نہیں۔ مریم نواز کو سیاست میں کہیں نہیں دیکھ رہا۔ 31مئی کے بعد ایک بڑا گروپ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑے گا۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ چیف جسٹس کو بہت لمبی زندگی دے۔ عبوری وزیراعظم کا فیصلہ صرف دو لوگ کر رہے ہیں میرا سوال ہے عبوری وزیراعظم پاکستان کے 22کروڑ عوام کا ہے یا ان دو بندوں کا؟ 60دنوں میں انتخابات ہونا ممکن نہیں ۔ اکتوبر نومبر سے پہلے الیکشن ہوتا نہیں دیکھ رہا۔ 31مئی کے بعد ایک بڑا گروپ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی ملک کو بہت چیلنجز کا سامنا کرنا ہے۔ نواز شریف جانتے ہیں کہ الیکشن میں تاخیر ان کے لئے ٹھیک نہیں ہے۔ سینٹ الیکشن میں سراج الحق نے نواز شریف کو ووٹ دیا۔ جب سے قومی اسمبلی میں آیا ہوں تب سے سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ دیکھ رہا ہوں۔ عمران خان سے کہا کہ جماعت اسلامی سے اتحاد کر لیں۔ عمران خان نے کہا کہ ان کا ڈیمانڈ بہت بھاری ہے۔ آئندہ الیکشن کے بعد عمران خان کو وزیراعظم کا امیدوار دیکھ رہاہوں۔ زرداری آنے والی حکومت میں دوبارہ صدر کے منصب پر فائز ہونا چاہتے ہیں۔ بلاول کو جنوبی پنجاب سے کوئی اچھا رسپانس نہیں ملا۔

شیخ رشید

مزیدخبریں