لاہور(خصوصی رپورٹر + سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) بیساکھی میلے میں شرکت کیلئے آئے سکھ یاتری مذہبی رسومات ادا کرنے کے بعد بھارت واپس روانہ ہوگئے، لاہور ریلوے سٹیشن پر سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر خان نے سکھ یاتریوں کو تحائف دے کر رخصت کیا۔ریلوے حکام کے مطابق پہلی ٹرین ساڑھے چھ سو یاتریوں کو لے کر واہگہ کے راستے بھارت روانہ ہوئی جبکہ تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے سترہ سو تیس سکھ یاتری واپس بھارت جائیں گے۔ سکھ یاتریوں نے دورہ پاکستان کے دوران ننکانہ صاحب میں جنم استھان گردوارہ میں اکھنڈ پاٹھ کی رسم سے بیساکھی میلے کی تقریبات کا آغاز کیا، جبکہ ماتھا ٹیکی، ارداس، شبد کیرتن اور اشنان وغیرہ جیسی مذہبی رسومات بھی ادا کیں، بیساکھی سکھوں کے نئے سال کا جشن ہے، جو 13 اور 14 اپریل کو منایا جاتا ہے۔سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر خان نے سکھ یاتریوں کے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کیا، ان کاکہناتھا کہ سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی کیلئے بہترین انتظامات کیے۔ علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق بیساکھی میلے پر آنے والا سکھ یاتری لاپتہ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق چوبیس سال کا امرجیت امرتسر کا رہنے والا ہے۔ امر جیت سنگھ کو گزشتہ روز بھارت روانہ ہوتا تھا مگر وہ لاپتہ ہوگیا۔ علاوہ ازیں بھارتی سفارتکاروں نے گورو دوارہ سچا سودا شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی سفارتکاروں کو سکیورٹی وجوہات پر گورو دوارہ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ سکھ یاتریوں نے بھارتی سفارتکاروں سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔ ملاقات سے انکار کے باعث بھارتی سفارتکار واپس روانہ ہوگئے۔
سکھ یاتری
بھارتی سفارتکاروں کی سچاسودا گورودوارہ آمد، سکھ یاتریوں کا احتجاج، ملنے سے انکار، پہلا گروپ بھارت چلا گیا، 24 سالہ امرجیت لاپتہ
Apr 22, 2018