خیبر ایجنسی (صباح نیوز) خیبر ایجنسی لنڈی کوتل میں خسرے کے مرض سے ایک بچی جاں بحق جبکہ متعدد بچے متاثر ہوئے، مقامی علاقے پسید خیل کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ خسرے کی وبا دن بدن ان کے علاقے میں پھیل رہی ہے‘ تدارک کے لئے ویکسین کی کمی ہے۔ مقامی شہری نے کہا کہ خسرے کی بیماری کی وجہ سے ان کی اڑھائی سالہ بھتیجی وسیمہ ولد سید عمر جاں بحق ہوئی ہے اور دو مزید بھتیجیاں اسی بیماری کا شکار ہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں محکمہ صحت کی ٹیمیں بھجوائی جائیں اور متاثرہ بچوں کو ویکسین لگائی جائے۔