پشاور(بیورورپورٹ)خطہ سے پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے پاکستان اورافغانستان میں انسدادپولیو مہم بیک وقت چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس بات کا انکشاف محکمہ صحت خیبر پی کے کے سیکرٹری عابد مجید نے خصوصی پولیو مہم کے آغاز کے سلسلے میںلیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں منعقدہ تقریب میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ عابد مجید نے کہا کہ ضلع پشاور میںکل سے انسدادپولیو کی خصوصی مہم کا آغاز کیا جارہاہے جو 30اپریل تک جاری رہے گی جس میں ضلع پشاور کے چار ماہ سے23ماہ تک کی عمر کے 2 لاکھ 28 ہزار بچوں کوپولیو سے بچائو کو ٹیکے لگائے جائیں گے اورپولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جس کیلئے جامع انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے پولیو ویکسین کے بارے میںاعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ محفوظ ترین ویکسین ہے اور بھارت سمیت پوری دنیا کے ممالک نے اسی ویکسین کے ذریعہ اپنے ہاں سے پولیو کا خاتمہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ سے پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے دونوں ممالک کے مابین مربوط کاوشیں ہوں کیونکہ پولیو کے حوالہ سے یہ ایک کاریڈور ہے پشاور اور افغانستان دونوں میں پولیو وائرس کا اصل اوریجن ایک ہی ہے اور دونوں علاقوں کے مابین لوگوں کی آمد و رفت بھی رہتی ہے جس کی وجہ سے پولیو وائرس کی منتقلی ہوسکتی ہے اسلئے پہلے قدم کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہمارے ہاں اور افغانستان میں پولیوویکسی نیشن کی مہمات بیک وقت چلائی جائیں تاکہ وہ بچے بھی جو ٹرانزٹ میں ہوں پولیو ویکسی نیشن سے رہ نہ جائیں ۔