لاہور(نمائندہ سپورٹس) پشاور میں تن سازی کے مقابلے میں کھلاڑیوں نے جج کا فیصلہ ماننے سے انکار کردیا۔ہارنیوالے باڈی بلڈر نے فیصلے پر اعتراض اٹھایا تو پہلے لاتیں گھونسے چلے اور پھر بات گولیاں چلنے تک جاپہنچی۔مسٹرخیبرپی کے باڈی بلڈنگ مقابلہ متنازع ہوگیا۔ غلط فیصلے نے سٹیج کو اکھاڑابنادیا۔ جج نے باڈی بلڈرسرفرازخان کو فاتح قراردیاتو ہارنے والے مومن خان نے اعتراض اٹھادیا۔ان کاکہناتھاکہ اس کی توباڈی اس قابل نہیں یہ مسٹرپی کے کیسے بن سکتا ہے۔ پھربات توتومیں میں سے شروع ہوئی اورنوبت ہاتھا پائی اور کرسیاں چلنے تک پہنچ گئی۔غصہ ٹھنڈا نہ ہواتوگولیاں چل گئیں۔فائرنگ کی وجہ سے پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔ دونوں کے سپورٹرز بھی میدان میں اتر آئے اور خوب دو دو ہاتھ کیے۔ پہلے کرسیاں چلیں پھر فائرنگ بھی کی گئی۔ ایونٹ میں بدمزگی سے انتظامیہ کی نا اہلی کا پول بھی کھل گیا۔