لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے درمیان ایک گھنٹہ سے زائد تک لاہور میں طویل ملاقات ہوئی۔ پنجاب کی سیاسی صورتحال، پنجاب کابینہ میں تبدیلیوں اور دیگر ایشوز کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پنجاب حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور حکومتی کارکردگی کو سراہا اور وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے ملکر وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوامی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں سری لنکا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سری لنکا میں بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور ہم ہلاک افراد کے لواحقین کے دکھ کو سمجھ سکتے ہیں۔ دہشت گردی کا ناسور بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے اور اس ناسور سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر مربوط انداز میں مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم بھروانہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کوآپریٹو کو فعال اور متحرک محکمہ بنایا جائے گا۔ محکمہ کوآپریٹو کے اثاثوں اور جائیدادوں کو لیز پر دینے کیلئے نئی پالیسی مرتب کی جارہی ہے۔ لیز کے ریٹس پر بھی نظرثانی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھاٹی گیٹ میں مکان کی چھت گرنے کے واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر لاہور ڈویژن سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تبدیلیاں ایک بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آ رہی ہیں۔عالمی درجہ حرارت میں اضافہ نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ یہ ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پرزمین کو ماحولیا تی آلودگی سے بچانے میں کردار ادا کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رکن پنجاب اسمبلی احمد علی خان دریشک کے والد سردار نوازش علی خان دریشک کے عمرہ کی ادائیگی کے دوران مدینہ منورہ میں انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
گورنر کی ملاقات، تعاون کی یقین دہانی، پاکستان خود دہشتگردی کا شکار، سری نکا کے ساتھ ہیں: عثمان بزدار
Apr 22, 2019