لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے ابھرتے ہوئے لیگ سپن باولر شاداب خان کی ورلڈ کپ میں شرکت سوالیہ نشان بن گئی، ذرائع کے مطابق قومی کھلاڑیوں کے خون کے نمونے میں وائرس ’’ہپٹائٹس‘‘ ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاداب خان کو ابتدائی طور پر انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شاداب خان کے خون کے نمونے میں ’’ہیپٹائٹس‘‘ جیسے وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شاداب خان کے خون میں وائرس کے انکشاف کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں چار ہفتے آرام کے ساتھ مکمل علاج کا مشورہ دیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے اور واحد ٹی ٹونٹی میچ 5 سے 19 مئی کے درمیان کھیلے جانے ہیں۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انگلینڈ میں سپیشلسٹ ڈاکٹر سے رابطہ کر کے ان کا علاج کرائے گا تاکہ ورلڈ کپ سے پہلے مکمل صحتیاب ہو جائیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ہی دو اضافی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر رکھا ہے جس میں آصف علی اور فاسٹ باوار محمد عامر شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ 23 مئی تک قومی سکواڈ میں تبدیلی کر سکتا ہے جبکہ اس کے بعد سکواڈ میں کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کو درخواست کرنا پڑیگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے ڈراپ ہونے والے شاداب خان کی جگہ تجربہ کار لیگ سپن باولر یاسر شاہ کو قومی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ یاسر شاہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے علاوہ واحد ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم کی نمائندگی کرینگے۔ یاسر شاہ نے 24 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں 23 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جبکہ قومی ٹیم کے آخری دورہ انگلینڈ میں یاسر شاہ نے چار ٹیسٹ میچز کی سیریز میں19 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ یاسر شاہ کا نام ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ 23 کھلاڑیوں میں پہلے سے شامل تھا وہ ٹیم کے ساتھ کل صبح انگلینڈ کے لیے روانہ ہونگے۔ پاکستان دورہ انگلینڈ میں کینٹ اور نارتھمپٹن شائر کے خلاف ون ڈے میچز کے علاوہ انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔