حکمرانوں نے 22کروڑعوام کوآئی ایم ایف اورعالمی استعمارکا غلام بنادیا، ڈاکٹرطارق سلیم

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)حکمرانوں نے 22 کروڑ اقبال کے شاہینوں کوآئی ایم ایف اورعالمی استعمارکا غلام بنادیا ہے ،اپنے اخراجات کنٹرول کرکے ملکی سرمایہ کارپراعتماد کی بجائے عالمی ساہوکاروں سے قرضے لینا اوراپنی تمام ترپالیسیاں ان کے حکم پربناناملکی تباہی کے سوا کچھ نہیں، تحریک انصاف کے پاس عوامی مسائل کے حل اورملکی معیشت کوسہارادینے کا کوئی پلان نہیں،ملکی معیشت تباہ کرنے والوں کووزارتیں دی جارہی ہیں۔ان خیالات کااظہارامیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے جماعت اسلامی پی پی 15کی تربیت گاہ اورالخدمت آرفن چیرٹی ڈنرکی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا،تربیت گاہ میں صوبائی ناظم شعبہ فہم دین محمدضیغم مغیر ہ ،عمران شفیق ایڈووکیٹ ، امیرزون نعیم ارشدسمیت دیگررہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پرصوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ، ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ظفریاسین، زونل جنرل سیکرٹری راجہ تجمل حسین ،مولانا عبدالرحیم بابرسمیت دیگرذمہ داران سمیت کارکنان شریک تھے،ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان طارق بن زیادہ کی سنت زندہ کرتے ہوئے اپنی کشتیاں جلا کرنظام مصطفے ﷺکے قیام کی جدوجہد کوتیزترکریں ،باطل قوتوں کے تمام سازشیں ناکام ہوں گی اورپاکستان کی نظریاتی ریاست میں اسلامی نظام کے قیام کے خواب کوبہت جلد تعبیرملے گی،انہوں نے کہا کہ 70برسوں سے پاکستان میں مختلف تجربات کئے جارہے ہیں کرپٹ اشرافیہ کومصنوعی مینڈیٹ کے ذریعے قوم پر مسلط کیا جاتا ہے لیکن اب ملک کے تمام ادارے پاکستانی عوام پر رحم کریں ،جماعت اسلامی کی دیانتداراوربے داغ قیادت ہی متبادل ہے ،الخدمت فائونڈیشن کی صورت ہماری فلاحی تنظیم عوام الناس کی بے لوث خدمت کررہی ہے ،ملک بھرمیں اورفن بچوں کوماں باپ جیسی شفقت فراہم کرنے کیلئے کیڈٹ کالج جیسے معیارکے آغوش قائم کئے گئے ہیں جہاں آرفن بچوں کوتمام ترسہولیات میسرہیں ۔

ای پیپر دی نیشن