قائد اعظم یونیورسٹی میں انگریزی اور ابلاغیات بھی پڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)قائد اعظم یونیورسٹی میں انگریزی اور ابلاغیات پر مشتمل دو نئے شعبہ جات شروع کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے جبکہ وائس چانسلرڈاکٹر محمد علی کا کہنا ہے کہ ذریعہ تعلیم انگریزی ہونے کے باوجود یونیورسٹی میں انگریزی کا باقاعدہ شعبہ نہ ہونا حیرت انگیز ہے تاہم اس مسئلے کو بہت جلد حل کرلیاجائے گا۔ذرائع سے معلوم ہواہے قائد اعظم یونیورسٹی میں دو نئے شعبہ جات بنائے جارہے ہیں ان میں سے ایک شعبہ انگریزی اور ایک شعبہ ابلاغیات ہے ،شعبہ انگریزی میں باقاعدہ انگریزی زبان ،لٹریچر وغیرہ سے متعلقہ تعلیم دی جائے گی،موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت اورملک بھرمیں قائم بہت سی دیگر ہم عصر جامعات میں شعبہ ماس کمیونیکیشن کامیابی کے پیش نظرقائد اعظم یونیورسٹی میں بھی شعبہ ماس کمیونیکیشن کا اجرا بہت جلد کردیاجائے گا جس سے ملک بھرکے طلبہ و طالبات مستفید ہوسکیں گے،پہلے مرحلے مذکورہ دونوں شعبوں میں بی ایس کا چار سالہ پروگرام شروع کیا جائے گا جسے بعد میں ایم فل اور پی ایچ ڈی تک توسیع دی جائے گی۔۔اس حوالے سے’’نوائے وقت‘‘ سے بات کرتے ہوئے قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد علی نے بتایاکہ جامعہ ملک کی نمبر ایک یونیورسٹی ہونے اور تمام ذریعہ تعلیم انگریزی ہونے کے باوجود اس جامعہ میں انگریزی کا ڈیپارٹمنٹ ہی نہیں بنایا گیا جو کہ حیرت انگیز عمل ہے ۔اس لیے ہم نے فیصلہ کیاہے کہ انگریزی کا الگ سے شعبہ بنایاجائے گا۔

ای پیپر دی نیشن