لا ہور (سٹاف رپورٹر)اکبر ی منڈی کے تاجروں اور مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن نے شیخوپورہ اور لاہور میں چینی کی فروخت کیلئے طے کردہ سرکاری نرخوں میں تفریق پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے رمضان المبارک میں چینی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے ،ایکس مل اور ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات کے بعد فی کلو قیمت64.65روپے بنتی ہے لیکن ہمیں 60روپے فی کلو فروخت کا پابند کر کے مجسٹریٹس کے ذریعے بھاری جرمانے کئے جارہے ہیں ۔ اکبر ی منڈی کے تاجروں اور مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے اجلاس میں حاجی اسلم، حافظ عارف، طاہر ثقلین بٹ ،شیخ رشیدسمیت دیگر تاجروں نے شرکت کی ۔ مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری طاہر ثقلین بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخوپورہ میںچینی کی فی کلو قیمت 65روپے جبکہ لاہور کیلئے 60روپے مقرر کی گئی ہے جو کسی طرح بھی قابل قبول نہیں ۔ شوگر ملوں سے خریداری کے بعد صرف ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات سے فی کلو قیمت 64.65روپے بنتی ہے لیکن ہمیں 60روپے فی کلو فروخت کا پابند کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجسٹریٹس صرف چینی پر چالان کر رہے ہیں جس کی وجہ سے تاجروں اور دکانداروں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور اگر حکومت نے رمضان المبارک سے قبل اس کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کئے تو چینی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے