رائیونڈ( نامہ نگار) رائیونڈ اور اس کے گردونواح میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف کارروائی کیلئے موضع رائیونڈ، موضع برھان پورہ، موضع پاجی، رکھ جو دو دھیر، رکھ لدھیکی، موضع بابلیانہ اور دیگر پٹواریوں کو اینٹی کرپشن لاہور نے طلب کر لیا ہے۔ جس کے مطابق مذکورہ علاقوں میں ویران زرعی یا دیگر بے آباد جگہ پر ان بڑے بڑے نمبر ان خسرہ کا ریکارڈ نکلوایا جائے گا۔ جن میں سے 5، 7 اور 10 مرلے کی فردوں کی کٹنگ ہوئی ہے۔ یہ ثبوت اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہوگا کہ ویرانے میں پانچ، سات یا دس مرلے جگہ لینے کی یہی وجہ ہے کہ اسے یہاں ہاؤسنگ سکیم بنانے کا جھانسہ دیا گیا ہوگا۔ یہ کارروائی شہری کی طرف سے ہاؤسنگ سکیموں کی نشاندہی پر عمل میں لائی جارہی ہے۔اس سلسلے میں رائیونڈ اور گردونواح کے علاقہ جات کی سکروٹنی شروع ہو گئی ہے۔ چند اہم سرمایہ داروں کی سکیموں کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس دفعہ کئی مالکوں کے خلاف استغاثہ کی بجائے مقدمات درج کیے جائیں گے۔ اور ان کی پیروی کر کے چھوٹی بڑی تمام سکیموں کے مالکان سے سکیم بنانے کے لیے خرچ ہونے والے ٹیکسوں کی وصولی کو یقینی بنایا جائے گا۔