لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمدزوار بہادر نے کہا ہے کہ مسلمان اپنے آپ کو اپنے آقا رسول اکرم ؐ کے اُسوء حسنہ کے مطابق ڈھالیں۔اللہ پاک نے یہ شب اپنے محبوب کے اُمتیوں کو خصوصی طور پر عطا کی ہے جس میں عبادت بہت بڑی سعادت ہے اگر مسلمان اپنے رب کو راضی کرنا چاہتے ہیں تو اُسوء رسولؐ کو اپنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلمان اللہ کی بارگاہ میں ندامت اور شرمندگی کے ساتھ سجدہ ریز ہو جائے تو اللہ پاک کی رحمت جوش میں آجاتی ہے اور ہمارے گناہوں کو معاف کردیا جاتا ہے ۔ اگر اُمت مسلمہ اپنے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کرنا چاہتی ہے تو موجودہ دور کی خرافات سے دور رہ کر رسول اکرمؐکی پیروی کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم آج کی شب عہد کرے کہ ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پربنانے کیلئے نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ کیلئے جدوجہد کرے گی۔ نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ سے ہی ملک کو بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ادوار میں دیگر نظاموں کو آزمایا جاچکا ہے۔ اور تمام نظام فیل ہو چکے ہیں یورپ ،امریکہ کے تعلیم یافتہ اورانگریز کے تربیت یافتہ ملک کو خوشحالی نہیں دے سکتے یہ ملک رسول اللہ کا عظیم تحفہ ا ور اس کی حفاظت اور تکمیل کا کام صرف نظام مصطفیٰ ؐکے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔
مسلمان اللہ کو راضی کرنا چاہتے ہیں تو اسوہ رسولؐ اختیارکریں:زواربہادر
Apr 22, 2019