باغی نمائندوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ریجنز پر ایڈہاک لگائی جائے،منظورمانی

Apr 22, 2019

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک منظور مانی نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ کرکٹ بورڈ میں بغاوت کرنے والے ریجنل نمائندوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے لاہور سمیت دیگر ریجنز پر ایڈہاک لگائی جائے۔ اور پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھاری تنخواہیں لینے والے افسران کو بھی از خود نوٹس لیتے ہوئے فارغ کریں اگر وزیراعظم عمران خان یہ سمجھتے ہیں کہ صرف نجم سیٹھی کے جانے سے بورڈ ٹھیک ہو گیا ہے تو یہ ان کا غلط فیصلہ ہے کیونکہ احسان مانی کو کرکٹ بارے کچھ معلوم نہیںاحسان مانی اور وسیم خان باہر سے امپورٹ کیے گئے ہیں۔ منظور مانی کا کہنا تھا کہ وہ آج بروز پیر کو قذافی سٹیڈیم کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب عمران خان سادگی اور کفایت شعاری کی بات کرتے ہیں دوسری جانب بورڈ میں 25-30 لاکھ روپے میں ایم ڈی رکھا گیا ہے جس کی کوئی ضرورت نہیں جس کی وجہ سے پہلی مرتبہ کرکٹ بورڈ میں بغاوت ہوئی ۔ لہٰذاعمران خان کو کرکٹ بورڈ کے معاملات خود دیکھنا چاہیے کیونکہ احسان مانی بھی کرکٹ بورڈ کو چلانے میں ناکام ہوئے ہیں اور ریجن بھی بورڈ کو بلیک میل کر رہے ہیں اگر عمران خان نے پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کوئی ایکشن نہ لیا تو میں ملک منظور مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے سامنے احتجاج کروں گا اور بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان کو چوڑیاں اور دوپٹے پیش کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں