کراچی (اے پی پی)سیکرٹری محکمہ بلدیات حکومت سندھ روشن علی شیخ نے لاک ڈائون کے دوران غیر قانونی تعمیرات کی شکایت کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے منگل کو انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں مبینہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف موصول ہونے والی شکایت پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے فوری کاروائی کرتے ہوئے اسپیشل سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ ٹاون پلاننگ جمال الدین جلالانی کی سربراہی میں تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ویجیلنس کمیٹی کے سربراہ سرفراز حسین بھی شامل ہیں۔ کمیٹی معاملے کی شفاف تحقیقات مکمل کرکے سیکرٹری بلدیات سندھ کو رپورٹ پیش کرے گی۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات روشن علی شیخ نے بتایا کہ وزیر بلدیات و وزیر اعلی سندھ کی جانب سے واضع ہدایات ہیں کہ صوبے بھر میں کسی بھی مقام پر غیر قانونی تعمیر یا قبضے میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں عمل میں لائی جائیں اور اس ہی تناظر میں شہری کی جانب سے موصول ہونے والی درخواست کے ردعمل میں انکوائری کمیٹی کی تشکیل دی گئی ہے جو کہ تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔ سیکرٹری بلدیات سندھ کے مطابق محکمہ بلدیات سندھ کے تمام افسران کوسختی کے ساتھ ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی غیر قانونی تعمیرمیں اگر ان کی کسی بھی طرح کی سرپرستی یا حصہ داری پائی گئی تو سخت ترین محکمہ جاتی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ بلدیات سندھ پہلے بھی اپنے کرپٹ افسران کے خلاف ایف آئی درج کراچکا ہے، جن کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور مستقبل میں بھی ایسے عناصر سے سختی سے نبٹا جائے گا۔
غیر قانونی تعمیرات