کراچی (خبر نگار)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت کو کورونا وائرس کی وباء اورلاک ڈاؤن میں شہریوں کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہئے تھا لیکن حکومت نے اپنا رول ادا نہیں کیا، شہر کی سماجی اور فلاحی تنظیمیں، مخیر حضرات اور پرائیویٹ اداروں نے اس موقع پر جس طرح راشن کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کیا وہ قابل ستائش ہے، یہ بات انہوں نے بہادرآباد میں الخدمت کے میگا راشن پروجیکٹ کے تحت راشن کی تقسیم کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، یوسی 12 کے چیئرمین جنید مکاتی، الخدمت کے ڈائریکٹر ریلیف قاضی صدر الدین اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم پر جو مشکل وقت آیا ہے اس کا باہمی تعاون، اتحاد، اخوت اور مساوات ہی سیمقابلہ کیا جاسکتا ہے، دونوں حکومتیں سیاست کررہی ہیں اور شہری کاروبار بند ہونے اورروزگار کے مواقع محدود ہونے کے سبب امداد کے منتظر ہیں، یہ وقت سیاست کانہیں، خدمت خلق کا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کی50 فیصد سے زائد آبادی جو کچی آبادیوں میں رہائش پذیر ہیانھیں اس وقت راشن کی شدید ضرورت ہے اور رمضان المبارک اور عید کی آمد کے پیش نظر صورتحال مزید تشویش ناک ہوتی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ جو ادارے راشن کی تقسیم کا کام انجام دے رہے ہیں وہ لازمی طور پر ڈیٹا مرتب کریں اور ایک دوسرے سے شیئر کریں تاکہ کراچی کے تمام علاقوں میں مستحقین اور غریبوں کا راشن پہنچ سکے، انہوں نے کہا کہ کچھ ایسی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ کچھ افراد راشن لے کر فروخت کررہے ہیں ایسے لوگوں کی حوصلہ شکنی کی جائے انہوں نے کہا کہ ہم خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بھی ہزاروں افراد کو راشن اور تیار کھانے فراہم کررہے ہیں اسی طرح منتخب بلدیاتی نمائندے اپنی اپنی یوسیز میں راشن کی تقسیم کا بندو بست کررہے ہیں اس لئے ڈیٹا کو ایک دوسرے سے شیئر کرنے سے راشن ضائع ہونے سے بچ جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث لوگ بے انتہا فکر مند ہیں ایک طرف بیماری لگنے اور جان جانے کا خطرہ ہے تو دوسری جانب بے روزگاری اور معاشی تنگدستی کا بھی سامنا ہے، ہمیں دونوں محاذوں پر بیک وقت لڑنا ہے انہوں نے کہا کہ جو تنظیمیں اور افراد اس مشکل وقت میں غریبوں کا سہارا بن رہے ہیں وہ نہ صرف قابل ستائش ہیں بلکہ انہیں اللہ تعالیٰ کی جانب سے بھی بہت بڑا اجر ہے، اس موقع پر یوسی چیئرمین جنید مکاتی نے میئر کراچی کو بتایا میگا راشن پروجیکٹ کے اس سینٹر سے 50 ہزار راشن بیگز تقسیم کئے جائیں گے، جو رمضان کے پہلے ہفتے تک مستحقین تک پہنچادئیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کی یہاں آمد سے بے انتہا خوشی ہوئی کہ وہ اس اہم موقع پر اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور ایسے اداروں کی سرپرستی میں پیش پیش ہیں جو فلاحی اور سماجی کام سر انجام دے رہے ہیں۔
میئر کراچی