کرونا وائرس : سعودی عرب میں رمضان المبارک میں کرفیو کے اوقات پرنظرثانی

سعودی عرب نے رمضان المبارک کے دوران میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذ کردہ کرفیو کے اوقات پر نظرثانی کی ہے اور اب شہریوں کو صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک ضروری کاموں اور ضروریات زندگی کی خریداری کے لیے گھروں سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے منگل کے روز کہا ہے کہ جن شہروں اور علاقوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ نہیں ہے، ان کے مکینوں کو رمضان المبارک میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے کے درمیان گھروں سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔

تاہم جن علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے،ان کے مکینوں کو صبح نو سے شام پانچ بجے تک صرف اشیائے ضروریہ کی خریداری یا طبی معائنے کی غرض سے گھر سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔ان علاقوں کے مکین موجودہ پابندی کی طرح صرف اپنے محلوں تک محدود رہیں گے اور ایک کار میں صرف دو افراد کو سوار ہونے کی اجازت ہوگی۔

ایس پی اے کے بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ جن علاقوں کو قرنطینہ قراردیا گیا ہے،ان کے مکینوں کو کسی بھی وقت اپنے گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن