نیویارک‘ لندن (نوائے وقت رپورٹ) عالمی منڈی میں امریکی خام تیل جہاں بدترین گراوٹ کا شکار ہوکر صفر کی سطح پر ہے تو وہیں ایشیائی ٹریڈنگ میں امریکی خام تیل کی قیمت مثبت زون میں آگئی ہے۔ مئی کے فیوچر سودوں کی سیٹلمنٹ کے آخری دن پر امریکی خام تیل کی قیمت تاریخ کی حیرت انگیز کم ترین سطح پر آنے کے بعد مثبت زون میں دیکھی گئی۔ دوران ٹریڈنگ امریکی خام تیل 38 ڈالر فی بیرل اضافے سے 10 سینٹس فی بیرل کی سطح پر آگیا جب کہ اس دوران برینٹ خام تیل 3 فیصد کمی کے ساتھ 25 ڈالر فی بیرل کی سطح سے نیچے آگیا۔ ایشیائی ٹریڈنگ میں عالمی گیس کی قیمت کو ایک ڈالر 92 سینٹس کی سطح پر مستحکم دیکھا گیا جب کہ عالمی منڈی میں ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایک سے 3 فیصد کمی کےساتھ مستحکم ہیں۔ رواں سال جنوری سے دنیا بھر میں کرونا بحران کے باعث طلب میں کمی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں۔ امریکی خام تیل کے بعد برطانوی برینٹ آئل بھی 18سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ عالمی منڈی میں 23فیصد کمی کے بعد برینٹ آئل 18.1ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے۔ عالمی منڈی میں برینٹ آئل کی قیمت میں اتار چڑھاﺅ جاری ہے۔ سعودی عرب نے تیل کی قیمتوں میں استحکام کیلئے اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔ سعودی کابینہ کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر کوئی اہم اقدام اٹھانے کو تیار ہیں۔ عالمی منڈی میں ڈبلیو ٹی آئی خام تیل پیر کے روز منفی 37ڈالر ہو گیا تھا جو گزشتہ روز33ڈالر اضافے کے باوجود منفی 5ڈالر فی بیرل پر موجود ہے۔
ایشیائی مارکیٹ میں امریکی تیل مثبت زون میں آگیا،برطانوی برینٹ آئل کی قیمت بھی23 فیصد کم
Apr 22, 2020