اسلام آباد (صباح نیوز)وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر عطاءالرحمان نے کہا ہے کہ کروناوائرس کا بہت بڑا طوفان آ رہا ہے اور اس کو روکنے کا واحد طریقہ یہی ہے کہ ہم ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں۔ حکومت کے سامنے بڑا مشکل فیصلہ ہے کہ اگر وہ چینی حکومت کی طرح سخت لاک ڈاﺅن کرتی ہے تو پھر ہمارے کروڑوں غریب افراد بھوک سے مرنا شروع ہوجائیں گے اور سڑکوں پر آجائیں گے ۔ اگر لاک ڈاﺅن نہیں کرتے تو پھر بیماری اور تیزی سے پھیلے گی کیونکہ اس طرح کا وائرس ہم نے نہیں دیکھا جو اتنی تیزی سے پھیلتا ہو ا ور اتنی آسانی سے پھیلتا ہو۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عطاءالرحمان نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سائنسدان پریشان ہیں کہ اس کا میکنزم آف ایکشن کیا ہے اور کس طریقہ سے اس سے لڑا جاسکتا ہے۔ دو الگ ، الگ راستے ہیں اگر آپ مکمل لاک ڈاﺅن کرتے ہیں تو پھر لوگ بھوک اور افلاس سے مرنا شروع ہو جائیں گے ۔کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالہ سے کوئی پیشگوئی کرنا مشکل ہے ، یہ اس بات پر منحصر ہے کہ ہم کتنے سماجی فاصلے رکھتے ہیں اور اگر ہم نہیں رکھتے اور مجھے اس بات کی بہت فکر ہے اور کاص طور پر بہت سارے شہروں میں لوگ ٹی وی پرآرہے ہیں اور مل رہے ہیں، لوگ ماسک نہیں پہن رہے اور شاپنگ پر جاررہے ہیں اور اگراس طرح کا حال رہا تو پھر بڑے پیمانے پر روزانہ کئی سو اور پھر کئی ہزار اموات کا بھی خدشہ موجود ہے اوریہ بہت زیادہ پھیل جائے، تاہم اگر سماجی طور پر فاصلہ رکھیں گے تو پھر اس پر قابوکیا سکتا ہے۔