سعودیہ کاپاکستانیوں کے لئے انٹری اور ایگزٹ ویزے کی مدت بڑھانے کا اعلان

اسلام آباد+ریاض( نوائے وقت رپورٹ +نیوزرپورٹر) سعودی عرب نے پاکستان کی درخواست پر سعودیہ میں موجود پاکستانیوں کے لئے انٹری اور ایگزٹ ویزے کی مدت بڑھانے کا اعلان کر دیاہے۔ ترجمان وزارت اورسیز کے مطابق حکومت نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی محنت کشوں کو درپیش مسائل پر نوٹس لے لیا ہے اور اس حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم رابطے ہوئے ہیں ۔ منگل کو معاون خصوصی زلفی بخاری نے سعودی وزیر برائے افرادی قوت عبداللہ بن نصیر سے ویڈیو لنک پر اہم رابطہ کیا ، ترجمان کے مطابق پاکستانی مزدور اور لیبر کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ممکنہ حل پر تفصیلی مشاورت کی گئی ۔ زلفی بخاری نے کہاکہ مشکل گھڑی میں ہم وطنوں کی ہر قسم کی ضروریات پوری کرنا چاہتے ہیں،سعودی حکام پاکستانی مزدوروں سے تعاون بڑھائیں۔پاکستانیوں نے وطن واپسی کیلئے خصوصی اقدامات کی بھی درخواست دی ۔ سعودی عرب نے پاکستان کی درخواست پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے انٹری اور ایگزٹ ویزے کی مدت بڑھانے کا اعلان کر دیا۔ سعودی وزیر نے کہاکہ دسمبر تک پاکستانی مزدوروں کے ویزوں کی توسیع بالکل مفت ہو گی۔سعودی حکومت نے 3 ماہ تک کمپنیوں کو پاکستانی محنت کشوں کی برطرفی سے روکنے کا اعلان کیا ۔ سعودی وزیر نے کہاکہ سعودی کمپنیاں آئندہ 3 ماہ تک محنت کشوں کو ملازمت سے برطرف نہیں کریں گے،تمام ملازمین کو 3 ماہ تک تنخواہ کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔سعودی وزیر نے کہاکہ اب تک بر طرف ملازمین سے بھی تعاون کیا جائیگا،پاکستانی محنت کشوں کو مکمل تنخواہ اور بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائی جائیگی۔معاون خصوصی زلفی بخاری نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر سعودی وزیر سے اظہار تشکر کیا ۔ ترجمان کے مطابق مشکل وقت میں دو طرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق پاکستان رقم بھیجنے کیلئے ایس ٹی سی پے کی سہولت بھی مفت کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ دونوں ممالک کے درمیان فلائیٹ آپریشن جلد شروع کرنے پر بھی بات چیت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ مشکل صورت حال میں دونوں ممالک رابطے جاری رکھیں گے۔

ای پیپر دی نیشن